ڈیرہ غازی خان میں بس اور ٹریلر میں تصادم، 27افراد جاں بحق
60سے زائد افراد زخمی، بس سیالکوٹ سے راجن پور جا رہی تھی
ڈیرہ غازی خان میں تونسہ بائی پاس کے قریب بس اورٹریلرمیں تصادم کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور60سے زائد زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق بس سیالکوٹ سے راجن پورجارہی تھی کہ تونسہ بائی پاس کے قریب حادثہ پیش آ گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر نیئر عالم کا کہنا ہے کہ بس حادثے میں 25 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ڈاکٹر نیئر نے بتایا کہ حادثے کا شکار بس میں 75 مسافر سوار تھے ، حادثے میں 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے ، تمام زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے بس اور ٹریلر کو ہٹا دیا گیا ہے اور ٹریفک بحال کر دی گئی ہے ۔وزیراعلی عثمان بزدار نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور حکام کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
Post a Comment