وزیراعظم کی کورونا سے مؤثر انداز سے نمٹنے پر این سی اوسی ممبران کو
مبارکباد
سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کی رحمت کا شکرگزار ہوں۔ وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے مؤثرانداز سے نمٹنے پر این سی اوسی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کی رحمت کا شکرگزار ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’’گلوبل نارملسی انڈیکس ‘‘کی فہرست پوسٹ کرتے ہوئے کورونا سے مؤثرانداز سے نمٹنے پر این سی اوسی ممبران ، احساس ٹیم اوراسٹیٹ بینک کومبارکباد دی اور کہا سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کی رحمت کا شکرگزار ہوں۔
واضح رہے گلوبل نارملسی انڈیکس کے مطابق کورونا کے دوران معیشت سنبھالنے والے ممالک میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔ دوسری جانب گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 17 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 469 ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 66 ہزار 7 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 517 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 47 ہزار 180، سندھ میں 3 لاکھ 42 ہزار 228، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 38 ہزار 727، بلوچستان میں 27 ہزار 502، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 574، اسلام آباد میں 83 ہزار 155 جبکہ آزاد کشمیر میں 20 ہزار 641 کیسز رپورٹ ہوئے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 19 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 18 کروڑ 53 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ 40 لاکھ 9 ہزار 191 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دنیا بھرمیں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 16 کروڑ 97 لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ 56 ہزار سے زائد ہے۔

Post a Comment